سری نگر۔ وادی کشمیر میں آج کل جاری آزادی حامی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز
کے مابین روزانہ کی جھڑپیں کسی سے بھی ڈھکی چھپی بات نہیں ہیں لیکن اس آپسی
تلخی کے باوجود مقامی کشمیریوں نے اتوار کے روز انسانیت نوازی، اخوت اور
کشمیریت کی ایک عمدہ مثال قائم کرتے ہوئے سری نگر جموں قومی شاہراہ پر
ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے تین فوجی اہلکاروں کی جانیں بچا لیں۔ سرکاری
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے لسجن میں ایک فوجی گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے
میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا گاڑی کا ڈرائیور جو
زخمیوں میں شامل تھا،
اپنی سیٹ میں پھنس گیا تھا اور ایل ٹی لائن کی تار
گاڑی پر گر گئی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے فوجیوں کے ساتھ اپنی تمام ذاتی شکایات کو
یکطرف رکھا اور اپنی جانیں جوکھم میں ڈال کر تینوں زخمی فوجیوں کو گاڑی سے
باہر نکالا۔ خیال رہے کہ وادی میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان
وانی کی ہلاکت کے ساتھ شروع ہوئی آزادی حامی احتجاجی مظاہروں کی لہر کے
دوران سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں تاحال قریب 90 عام شہری ہلاک جبکہ 14
ہزار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ وادی میں 8 جولائی کو شروع ہوئی ہڑتال اتوار کو
93 ویں دن میں داخل ہوگئی۔